نورالحدا

حسین وادی کالام کے مضافات میں واقع مہوڈھنڈ جھیل ضلع سوات کا آخری سیاحتی مقام ہے جہاں سے آگے روڈ ختم اور پہاڑی سلسلہ شروع ہوتا ہے۔ مقامی باشندے ان پہاڑی راستوں پر 2 دن پیدل سفر کرکے ضلع کوہستان آتے جاتے ہیں۔

اگر چہ وادی کالام میں پشتو زبان نہیں بولی جاتی مگر ’مہو ڈھنڈ‘ پشتو زبان کے دو لفظوں کا مرکب ہے جس کا مطلب ہے ’مچھلیوں کی جھیل‘۔ اس کو مہوڈھنڈ جھیل اس لیے کہا جاتا ہے کہ یہاں مہنگی ترین اور لذیذ ترین ٹراؤٹ مچھلی بھی پائی جاتی اور ہوٹلوں میں بآسانی دستیاب ہوتی ہے۔

یہاں آنے والے یہ بات ذہن میں رکھیں کہ وادی کالام کی اپنی ایک زبان ہے جسے کوہستانی کہا جاتا ہے مگر حال ہی میں اس زبان کی ترویج و ترقی کے لیے کام کرنے والے مقامی افراد نے اس کا نام ’گاوری‘ رکھ دیا ہے اور اب اس زبان میں ایک ماہانہ رسالہ سمیت دیگر کتب بھی شائع ہو رہا ہے۔

مہوڈھنڈ جھیل وادی کالام کے مرکزی بازار سے تقریباً 40 کلومیٹر پر واقع ہے۔ کالام بازار سے مہوڈھنڈ جاتے ہوئے راستے میں متعدد تفریحی مقامات واقع ہیں جن میں اوشو، مٹلتان، گلشیئر، آبشار اور گرم چشمہ شامل ہیں

آج سے 3 سال قبل تک مہوڈھنڈ جھیل کے لیے صرف فور بائی فور جیپ ہی جاسکتے تھے مگر 2015 میں پاکستان آرمی نے مہوڈھنڈ میں ( پیس ) امن فیسٹیول منعقد کروایا جس کے لیے بھاری مشینری لگاکر سڑک کو بڑی حد تک ہموار اور کشادہ بنایا گیا۔ آج کل آپ کالام بازار سے کار میں بیٹھ کر آرام سے مہوڈھنڈ جھیل جا سکتے ہیں۔

مہوڈھنڈ جانے کے لیے بہترین وقت علی الصبح سے دن 10 بجے تک کا ہے۔ 10 بجے کالام بازار سے نکل کر راستے میں مختلف مقامات پر رکتے رکتے دوپہر تک مہوڈھنڈ پہنچا جا سکتا ہے اور لنچ مہوڈھنڈ میں کرنے کے بعد بوٹنگ، فشنگ اور کھیلوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملتا ہے۔ جھیل کے اطراف میں کھلے اور سرسبز میدان ہیں، جس میں کرکٹ، فٹ بال سمت دیگر کھیلوں کی بھرپور گنجائش ہے۔

دن بھر انجوائے کرنے کے بعد عصر کے بعد کچھ سیاح اپنی اپنی گاڑیوں میں بیٹھ کر واپس کالام بازار کا رخ کرتے ہیں۔ اور کئی سیاح رات مہوڈھنڈ جھیل پرہی گزارتے ہیں

مہوڈھنڈ جھیل کی رونق گرمیوں کے موسم میں عروج پر ہوتی ہے۔ برف باری کے بعد راستوں کے بندش اور خراب موسم کے باعث مقامی لوگ بھی وہاں جانے سے گریز کرتے ہیں۔


اکتوبر کے بعد مہوڈھنڈ جھیل ہر سو ٓاسمان سے گرتے سفید اولوں کی چادر  سے ڈھکا ہوتا ہے مگر اتنی زیادہ نہیں کہ سڑک بند ہوجائے۔ اس لیے برف باری دیکھنے کے لیے آنے والے سیاح مہوڈھنڈ کا رخ کر رتے ہیں کالام کے بازار میں برفباری جلدی نہیں ہوتی۔اس کے لیے آپ کو بازار میں برفباری  دیکھنے کے لیے دسمبر کے آخری دنوں یا جنوری تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ تو پھر چلیں سیر کو ؟؟۔