ویب ڈیسک: ملک بھر میں مون سون بارشوں کا طاقتور سپیل جاری ہے، اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے متعدد علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آج بھی خیبرپختونخوا سمیت آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان و پنجاب اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں حبس اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مرطوب مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی موسم کو متاثر کر رہا ہے، جس کے باعث بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔

کن شہروں میں بارش ہوگی؟

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور سمیت مردان، صوابی، نوشہرہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، دیر، چترال، کوہستان اور دیگر بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے، جبکہ بلوچستان کے کوئٹہ، زیارت، ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان اور ملحقہ علاقوں میں بھی کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔
سندھ کے بالائی اور جنوب مشرقی علاقوں میں چند مقامات پر جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے، تاہم صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
قومی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں نے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔