پشاور:محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے ملازمین اور اساتذہ کی طرف سے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوسکا جس کے نتیجے میں ایک مرتبہ پھر ڈائریکٹر ایجوکیشن خیبرپختونخوا کو احکامات پر عملدرآمد کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مشیر تعلیم نے 13 نومبر کوجاری مراسلہ میں ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کو بعض اضلاع میں اساتذہ کے حوالے سے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی شکایات پرسخت کارروائی کی ہدایت کی گئی تھی لیکن کئی دن گزرنے کے باوجود ابھی تک کسی استاد کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیاگیا۔ ذرائع کے مطابق اس مقصد کیلئے سرکاری ڈیوٹی دینے کی بجائے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے ٹیچرز کی فہرست بھی تیار کی گئی تھی اور تدریسی عملے کی سیاسی تنظیموں میں شمولیت پرپابندی کی بھی سفارش کی گئی تھی لیکن کارروائی نہیں ہوئی۔