وب ڈیسک: ملک بھر میں ہونے والے الیکشن 2024ء کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم، تیاریاں تیز کر دی گئیں.
نوشہرہ 2 قومی اسمبلی کیلئے 66 اور 5 صوبائِی اسمبلی کی نشستوں کیلئے 126 امیدوار، رستم سے صوبائی اسمبلی کی ایک نشست کیلئے 38 امیدوار، ضلع کرم کی ایک قومی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 108 امیدوار، مالاکنڈ کی خواتین کی مخصوص نشست پر بھی خواتین مدمقابل۔
صوابی کی 4 قومی اور 5 صوبائی نشستوں پر 252 امیدوار، باجوڑ کی ایک قومی اسمبلی کی نشست پر 13 امیدوار، بنوں سے اس بار خواتین نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئَے، ایک قومی اور 2 صوبائی نشستوں پر 4 خواتین مدمقابل، ضلع ٹانک سے ایک قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کی نشست پر 53 امیدوار آمنے سامنے آگئے۔
پاراچنار ، 1 قومی اور 2 صوبائی نشستوں کیلئَے 108 امیدوار تیار
ملک بھر میں ہونے والے الیکشن 2024ء کیلئَے ضلع کرم کی ایک قومی اور دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے 108 امیدواروں نے کاغذات جمع کرا دیئے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی این اے 37 کیلئے 38 امیدوار آمنے سامنے آ گئے۔ صوبائی اسمبلی کے حلقہ 95 کیلئے مخصوص نشست پر خاتون سمیت 40 امیدوار جبکہ حلقہ پی کے 96 کیلئے 30 امیدوار مدمقابل آ گئے۔
ضلع کرم سے حسب روایت کبھی بھی انتخابی مہم نہ چلانے والے درجنوں سابق امیدوار اس بار بھی میدان میں آ گئے۔
ضلع مالاکنڈ پی کے 24، شوکت بیگم کامیابی کیلئَے پرعزم
ضلع مالاکنڈ کی پی کے 24 سے مخصوص نشست پر پی ٹی آئی کی خاتون امیدوار نے بھی کاغذات جمع کرائے۔ ان کا کہنا ہے کہ میرا مقصد کامیابی حاصل کر کے عوام اور علاقے کی بھرپورخدمت کرنا ہے۔
پی کے 24 کی صوبائی نشست کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والی خاتون امیدوار شوکت بیگم نے کہا ہے کہ مالاکنڈ کی پسماندگی کا بخوبی علم ہے۔ مسائل کے حل کیلئے بھرپورجدوجہد کرونگی۔
صوابی، 2 قومی اور 5 صوبائی اسمبلی پر 204 امیدوار مدمقابل
ضلع صوابی سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہو گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ صوابی سے 2 قومی اور 5 صوبائی نشستوں کے لئے مجموعی طور پر 204 امیدواروں نے کاغذات جمع کرادئے۔
ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر دو قومی اسمبلی کے حلقوں کے لئے 60 جبکہ 5 صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے 134 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ ان امیدواروں میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی اور خاتون سابق سینیٹر ستارہ ایاز بھی شامل ہیں۔
این اے 20 صوابی سے قومی اسمبلی کی نشست کیلئے 26 امیدوار آمنے سامنے
صوابی سے سابق ایم این اے عثمان ترکئی پیپلز پارٹی، وارث خان اے این پی، شہرام خان ترکئی، محمود الحسن جماعت اسلامی، سابق سینیٹر محمد غفران کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
عثمان خان ترکئی دو دفعہ ایم این اے رہ چکے ہیں، وارث خان عوامی نیشنل پارٹی سے پہلے بھی اسی سیٹ سے امیدوار رہ چکے ہیں۔
شہرام خان ترکئی دو دفعہ صوبائی وزیر رہ چکے ہیں پاکستان تحریک انصاف سے امیدوار ہیں ان کی عدم موجودگی میں کاغذات نامزدگی جمع کئے گئے ہیں۔
این اے 19 صوابی ون میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی نائب صدر و ضلعی امیر مولانا فضل علی حقانی، عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار شاہ نواز خان زادہ ، سابق وزیر و سینیٹر ستارہ ایاز، پاکستان مسلم لیگ کے ضلعی صدر و سابق ایم پی اے شیراز خان اور قومی وطن پارٹی کے ضلعی چیئرمین مسعود جبار خان سمیت 24 اُمیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔
ضلع باجوڑ سے قومی اسمبلی کی ایک نشست پر 13 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا
الیکشن 2024ء کیلئے ضلع باجوڑ کی ایک قومی اسمبلی کی نشست کیلئے 13 امیدوارمیدان میں آ گئے۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی نشست این اے 8 پر میدان میں آنےوالے امیدواروں میں مسلم لیگ ن کے شہاب الدین خان ، جماعت اسلامی کے 2 امیدوار صاحب زادہ ہارون الرشید اور محمد حمید صوفی کے نام شامل ہیں۔
اس حلقہ کیلئے پیپلز پارٹی کے سید اخونزادہ چٹان، جے یو آئی کے مولانا عبد الرشید، اے این پی کے مولانا خان زیب جبکہ انجنئیر شوکت اللہ اور مکمل شاہ آزاد امیدوار ہونگے۔
مظلوم عوامی تحریک کے لعلی شاہ بھی میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ باجوڑ کی ایک نشست پر پی ٹی آئی کے 4 امیدواروں نے بھی لنگوٹ کس لئے ہیں جن میں شفیع اللہ ، گل ظفر خان، نواب زادہ جلال الدین خان اور معمبر خان کے نام شامل ہیں۔
بنوں سے 4 خواتین امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے
ضلع بنوں سے اس بار الیکشن 2024ء کیلئے 4 خواتین میدان میں ہیں۔ قومی اسمبلی کی ایک نشست کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی سے فرزانہ شیرین اور یاسمین صفدر نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ حلقہ پی کے 102 پر پی پی پی کی فرزانہ شیرین اور آزاد امیدوار نادیہ خان جبکہ پی کے 100 پر پی ٹی آئی سے نسرین بیگم نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
ٹانک، قومی و صوبائی سطح پر 53 امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع
ضلع ٹانک میں اس بار زور کا جوڑ پڑے گا، قومی و صوبائی نشستوں پر پرانے چہرے پھر میدان میں آگئے ، مجموعی طور پر 53 امیدوار مدمقابل ہونگے۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی حلقہ این اے 43 ٹانک پر قومی اسمبلی کے 27 امیدوار جبکہ صوبائی اسمبلی پی کے 108 ٹانک پر 26 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کئے۔
قومی اسمبلی حلقہ این اے 43 پر مولانا فضل الرحمان اور ان کے بیٹے سابق وزیر مواصلات اسد محمود نے کاغذات نامزدگی جمع کئے، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سابق ایم این اے داور کنڈی اور غلام قادر بیٹنی سمیت 14 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کئے۔ تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے ملک محمد رمضان جبکہ مسلم لیگ ن پر سابق سینیٹر وقار خان نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیرانور سیف اللہ مروت، عوامی نیشنل پارٹی کے پیرزادہ ارشد منصور جبکہ تحریک لبیک پر فریدون گنڈاپور نے کاغذات جمع کرائے۔
ضلع ٹانک کی صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 108 پر جمیعت علماء اسلام کی جانب سے سابق ایم پی اے محمود بیٹنی، پی ٹی آئی کی جانب سے غلام قادر بیٹنی، ایڈوکیٹ عثمان بیٹنی سمیت 14 امیدوار بھی میدان میں آ گئے۔
ان کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سردار ہدایت اللہ گنڈاپور جبکہ پی ٹی آئی پی کی جانب سے عرفان کنڈی نے بھی کاغذات جمع کرا دیئے۔
رستم، پی کے 55 پر 38 امیدوار قسمت آزمائی کرینگے
ضلع رستم کی صوبائی نشست پی کے 55 کیلئے 60 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کئے جبکہ ان میں صرف 38 امیدواروں نے کاغذات جمع کرا دیئے۔
نوشہرہ، 2 قومی اور 5 صوبائی نشستوں پر126 امیدوار سامنے آ گئے
ضلع نوشہرہ میں الیکشن 2024ء کیلئے 2 قومی حلقوں پر 66 اور 5 صوبائی حلقوں پر 126 امیدواروں نے کاغذات جمع کرا دیے۔ صوبائی حلقہ87 پر پرویز خٹک اپنے بھائی لیاقت خٹک سے ٹکرائینگے۔
الیکشن 2024ء، صوبہ خِیبرپختونخوا کے 8 اضلاع سے 623 امیدوار مدمقابل
