پشاور: خیبر پختونخوا کی جیلوں میں موجود قیدیوں نے تعلیم پر پابندی کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ۔
قیدیوں نے فواد افضل صافی ایڈووکیٹ کی توسط سے درخواست دائر کی جس میں آئی جی جیل خانہ جات اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 29اگست کو آئی جی جیل خانہ جات نے ایک اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق منشیات کے قیدیوں کی تعلیم پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
جاری ایس او پیز کے مطابق منشیات مقدمات میں قید قیدی معافی کے لیے تعلیم حاصل نہیں کرسکتے ۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ تعلیم قیدیوں کا بنیادی آئینی حق ہے ،قیدیوں کو تعلیم سے محروم نہیں رکھا جا سکتا ، آئی جی جیل خانہ جات کی صوابدید اختیار نہیں کہ وہ کسی قیدی کو تعلیم سے محروم رکھے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ29 اگست کے اعلامیہ کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا جائے ۔