پشاور میں ویمن کرائسز سینٹر سے خاتون قیدی کی گمشدگی کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد محکمہ سوشل ویلفیئر خیبر پختونخوا نے فوری طور پر باضابطہ انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔ تین روز کے اندر رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، خاتون قیدی مسماۃ (ر) بی بی 29 دسمبر کو سینٹر سے لاپتہ ہوئی تھیں۔ انچارج نے دعویٰ کیا کہ خاتون کو عدالتی حکم پر رہا کیا گیا، لیکن وارڈن نے بتایا کہ شام 5 بجے سے وہ لاپتہ ہیں اور کسی عدالتی رہائی کا تحریری ریکارڈ موجود نہیں۔
انکوائری کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ سرکاری رجسٹرز میں خاتون کی حاضری درج نہیں تھی، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں انہیں سینٹر کے مرکزی دروازے کے قریب دیکھا گیا۔ رپورٹ میں واقعے کو عملے کی غفلت، ناقص نگرانی اور ریکارڈ کی عدم دستیابی کا نتیجہ قرار دیا گیا۔
متضاد بیانات اور ناقص نگرانی کے پیشِ نظر محکمہ نے دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے، جو تین دن میں مکمل جانچ کے بعد اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
پشاور میں ویمن کرائسز سینٹر سے خاتون قیدی گم ہوگئی













