خیبر پختونخوا حکومت نے کلاس فور ملازمین کی اگلے گریڈ میں ترقی کیلئے انٹر میڈیٹ تعلیم کی شرط عائد کردی جبکہ ٹائپنگ ٹیسٹ بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے سنیارٹی لسٹ میں پہلے نمبر پر ہونے کے باوجود انٹرمیڈیٹ کی سند نہ رکھنے والے ملازمین اگلے گریڈ میں ترقی حاصل نہیں کرسکیں گے۔ محکمہ انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق دفتری، نائب قاصدین اور قاصدین کو جونیئر کلرک کے عہدے پر ترقی دینے کیلئے انٹر میڈیٹ تعلیم لازمی قرار دے دی گئی ہے اسی طرح ملازمین کیلئے ایک منٹ میں 30الفاظ کی ٹائپنگ سپیڈ بھی ضروری ہوگی جس کا ٹیسٹ لیا جائیگا جبکہ سیکرٹریٹ میں دو سال کا تجربہ بھی لازمی ہوگا اعلامیہ کے مطابق 40فیصد کوٹہ موجودہ ملازمین کیلئے رکھا جائیگا جبکہ 60فیصد نئے ملازمین بھرتی کئے جائیں گے اعلامیہ کے مطابق ایسے ملازمین جو سنیارٹی لسٹ میں تو پہلے نمبر پر ہوں گے تاہم تعلیم ، ٹائپنگ سپیڈ یا سیکرٹریٹ ملازمت کی شرط میں سے کسی ایک پر بھی پورا نہیں اتریں گے توانکی ترقی نہیں ہوسکے گی اور ان سے جونیئر ملازمین کو ترقی دیدی جائیگی۔ دوسری طرف سیکرٹریٹ ملازمین کے رہنمائوں خالد جاوید اور ظفر علی خان نے ترقی کیلئے انٹرمیڈیٹ کی شرط پر اپنے تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلاس فور ملازمین نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اب ان سے ترقی کی قربانی بھی مانگی جا رہی ہے ۔صوبائی حکومت اس فیصلے کو فی الفور واپس لے، انہوںنے واضح کیا کہ اگر صوبائی حکومت نے اس اقدام کو واپس نہ لیا تو ملازمین احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔
کلاس فور ملازمین کو جونیئر کلرک کے عہدے پر ترقی دینے کیلئے انٹر میڈیٹ تعلیم لازمی قرار
