سوات :چائنا سامان کی خرید و فروخت کیلئے مشہور سوات کی چائنا مارکیٹیں ویران ہو گئی ہیں۔ روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور ڈالر کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے چین سے آنے والا سامان مہنگا ہوگیا ہے۔ ملک میں مہنگائی بڑھنے اورچینی سامان کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے لوگوں میں ضروری اشیاء کی خریداری سمیت دیگر چیزیں خریدنے کی قوت نہیں، جس سے سوات کی چا ئنا سامان کی مارکیٹیں ویران ہوگئیں۔ ایک دکان دار الیاس خان نے مشرق کو بتایا کہ ملک میں حالیہ مہنگائی کے بعد ان کا کاروبار خراب ہوگیا ہے صبح سے شام تک گاہکوں کی راہ تکتے رہتے ہیں۔ ایک دکان دار حضرت علی نے مشرق کو بتایا کہ سوات کے تاجر خریداری کے لیے خود چائنا جاتے ہیں اور وہاں ڈالر میں خریداری کرتے ہیں۔ سامان پاکستان کو شپ کے ذریعے بھیجنے کا کرایہ بھی ڈالرز میں دیتے ہیں، جس سے سامان کافی مہنگا ہوگیا ہے۔ ایک دکان دارجان محمد نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد کراچی پورٹ پر کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا جس کی وجہ سامان کی قیمت دوگنی ہوگئی ہے ۔