سوات (مارننگ پوسٹ) سوات میں پختون تحفظ مومنٹ نے وزیرستان میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں پی ٹی ایم کے رہنما سردارعارف وزیرکے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے عارف وزیر کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ نشاط چوک مینگورہ میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی ایم سوات کے رہنماؤں ملک ریاض احمد خان،ادریس باچا،عبدالوارث اور سلیم خان غوریجہ،علی نامدارایڈوکیٹ اورغیرت یوسف زئی نے کہاکہ پختون قوم کو ایک ساز ش کے تحت نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایک ایک کرکے ہمیں قتل کیا جارہا ہے جس کی ہم شدیدمذت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر ستان میں سردارعارف وزیر کو بھی نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا ہے، لیکن ان کے قاتلوں کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پختونوں کا قتل عام بند کیا جائے اور عارف وزیرکے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرارواقعی سزادی جائے۔
سوات میں پی ٹی ایم رہنما عارف وزیرکے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
