سلیمان ایس این

حکومت اور وزارت صحت بار بار متنبہ کر رہی ہے کہ کورونا جلسوں کی وجہ سے اپنا زور زیادہ کر سکتا ہے اس لئے فی الحال ان جلسوں سے پرہیز ہی کیا جائے تو بہتر ہے۔ گجرانوالہ اورکراچی اور پھر کوئٹہ کے جلسوں کے بعد اگر دیکھا جائے تو واقعی کورونا کے واقعات میں اضافہ دکھائی دیتا ہے ۔ کورونا کے ہاتھوں اموات کی تعداد گر کر ایک دو تک پہنچ گئی تھی اور اب دس بارہ تک پہنچ چکی ہے۔ اور اس میں روز بروز اضافہ ہی دکھائی دیتا ہے۔ صرف پاکستان میں ہی نہیں پوری دنیا میں ایک دفعہ پھر سے کورونانے زورپکڑلیا ہے اور اب تو امریکہ ، سپین ‘جرمنی اور اٹلی پھر سے کورونا کی زد میں آ گئے ہیں اور ایشیا ءمیں بھی جہا ں جہاں کو رونا نے اپناہاتھ ہولا کر دیا تھا وہاں وہاں پھرسے اموات میں اور کورونا کیسز میں بہت زیادہ اضافہ دکھائی دیتا ہے۔ مگر حکومت اور حزب اختلاف کے مزید جلسوں کاپروگرام بھی ہے تاہم ان حالات میں اگر جلسے جلوسوں کو ایک طرف رکھا دیا جائے تو بہتر ہوگا اور ایسے حالات میں کہ جب عوام کو اپنا پیغام پہنچانے کے جدید سے جدید ذرائع سامنے آگئے ہیں۔ ایک ٹی وی چینل پر خطاب کے ذریعے بڑے بڑے جلسوں سے زیادہ موثر انداز میں پیغام پہنچایا جا سکتا ہے ۔سیاست اپنی جگہ تاہم کورونا والی بات تو سب کے سامنے ہے اللہ کرے کہ عوام اس بلا سے محفوظ رہیں مگر احتیاط بہت ضروری ہے۔