کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں 1954 سے سوات کی ٹراؤٹ مچھلی کی فارمنگ جاری ہے اور یہاں 60 سے 70 ہزار تک مچھلیوں کی بریڈنگ ہوتی ہے۔بلوچستان میں 1954 سے ٹراؤٹ مچھلی کی فارمنگ کا سلسلہ شروع ہوا اور محکمہ ماہی گیری نے ٹراؤٹ مچھلیوں کی ہیچری کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں قائم کی۔
اس فارم کے انچارج نور محمد کے مطابق یہ بلوچستان کا واحد ٹراؤٹ فارم ہے، جہاں سوات سے لائی گئی مچھلیوں کو رکھا گیا ہے۔ نور محمد محکمہ ماہی گیری میں انسپکٹر اور اس فش فارم کی دیکھ بھال کے ذمہ دار بھی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چونکہ ٹراؤٹ مچھلی ٹھنڈے پانی میں رہنے والی مچھلی ہے، اس لیے فارم کو یہاں بنایا گیا جہاں اسے سرد پانی میسر ہے۔ ان کے مطابق یہاں ٹراؤٹ کی بریڈنگ بھی کی جاتی ہے جس کا سلسلہ دسمبر میں شروع ہو جاتا ہے اور جنوری، فروری تک چلتا ہے۔