ملائیشیا کی ایک مقامی عدالت کے حکم پر کوالالمپور ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا مسافر طیارہ بوئنگ 777 قبضے میں لے لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 895 کراچی سے آج کوالالمپور پہنچی تھی، کوالا لمپور میں مقامی حکام نے پی آئی اے طیارے کی لیز کے واجبات ادا نہ کرنے پر طیارے کو عدالتی احکامات پر قبضے میں لیا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے طیارے کو قبضے میں لینے کی کارروائی مسافروں کے سوار ہونے کے بعد کی گئی اور طیارے کو قبضے میں لینے کے بعد مسافروں کو طیارے سے اتار دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کو قبضے میں لیے جانے کے بعد پی آئی اے کا 18 رکنی عملہ بھی کوالالمپور میں پھنس گیا ہے، 18 رکنی عملے کو اب 14 دن قرنطینہ میں گزارنے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے جاری کردہ بیان کے مطابق پی آئی اے اور ایک دوسرے فریق کے مابین برطانیہ کی عدالت میں قانونی تنازع زیر التوا ہے جس کے تناظر میں ملائیشیا کی مقامی عدالت کے دیے گئے یک طرفہ حکم پر طیارے کو روکا گیا۔
ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ مسئلے کے احسن حل تک مسافروں کی مناسب دیکھ بھال کی جائے گی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ملائشیا میں عدالتی حکم پر طیارے کو قبضہ میں لیا جانا ایک ناخوشگوار صورتحال ہے، پی آئی اے حکومتی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں برطانوی عدالت میں پی آئی اے اور ایک پارٹی کا کیس زیر التواء ہے۔
خیال رہے کہ پی آئی اے نے 2015 میں بوئنگ 777 طیارہ ویتنام کی کمپنی سے لیز پر حاصل کیا تھا۔