پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صوبائی صدرانجینئر امیرمقام نے کہا ہے کہ عمران نیازی قوم سے ایک ایک جھوٹ پر معافی مانگ کر وزیر اعظم کے عہدے سے مستعفی ہوکر بنی گالہ شفٹ ہوجائیں، اسی میں انکی بہتری ہے پی ٹی آئی حکومت ایک طرف مذاکراتی ٹیم بنا کر مذاکرات کی دعوت د ے رہی ہے اور دوسری طرف اپوزیشن کو گالیاں دینے کیلئے وزیروں کی پوری بریگیڈ بٹھائی ہوئی ہے، ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے نئے الیکشن ناگزیر ہیں،دنیا بھر کے اداروں سمیت پوری قوم چیخ رہی ہے کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بابوزئی میں لیگی رہنما راشد محمود خان کے حجرے میں پشاور سٹی اور ڈسٹرکٹ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کارخانے بند پڑے ہے، پی ٹی آئی کی خیبر پختونخوا میں 7سالہ کارکردگی صرف پشاور میٹرو ہے اس سے انکی نا اہلی عیاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج وہ لوگ بھی پریشان ہیں جنہوں نے 2018 کے الیکشن میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا، قوم سے معافیاں مانگ رہے ہیں اور نوازشریف دور کو ترس رہے ہیں آج عام عوام کے علاوہ ڈاکٹر تاجر بلکہ ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے مولانا فضل الرحمن کے مارچ کے حمایتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک مزید تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتا وہ دن دور نہیں کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا دور ہوگا اور ملک ایک دفعہ پھر ترقی و خوشحالی کے دور میں داخل ہوگا۔