سوات: ملاکنڈ ڈویژن میں قومی انسداد پولیو مہم انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈویژنل ٹاسک فورس کا اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں آنے والے انسدادِ پولیو مہم کے لئے کئے گئے اقدامات، پچھلی انسدادِ پولیو مہم میں اضلاع و پولیو ٹیموں کی کارکردگی اور انسدادِ کورونا مہم اور اضلاع میں روٹین ایمونازیشن کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز و متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ایریا کوارڈینیٹر ملاکنڈ ڈویژن ڈاکٹر خواجہ عرفان نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پولیو جیسے خطرناک وائرس کو کنٹرول کرنے اور اس کے خاتمے کے لئے محکمہ صحت کی ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ کو نئے ولولے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع میں پولیو وائرس کو کنٹرول کرنے میں ٹیموں نے اہم کردار ادا کیا ہے اور اس ضمن میں مانیٹرنگ کو مذید مربوط کرتے ہوئے کڑی نگرانی کی ضرورت ہے۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ صحت کی ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ ان بچوں پر توجہ مرکوز رکھیں جو موسم سرما کے دوران دیگر اضلاع منتقل ہوئے تھے اور گرما کے آغاز سے واپس ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع ائے ہیں۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ رپورٹنگ کے حوالے سے تاخیر نہیں ہونی چاہیے اور مسائل کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوراً آگاہ کیا جائے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملاکنڈ اضلاع میں پچھلی دو مہمات میں اضلاع کی کارکردگی بہترین رہی اور تمام احداف کو مکمل کیا گیا۔ یاد رہے کہ انسدادِ پولیو کی قومی مہم 23 مئی سے شروع ہوگی جس میں ملاکنڈ ڈویژن میں پانچ سال تک کے عمر کے بچوں کو انسدادِ پولیو ویکسین پلائے جائیں گے۔