پراونشل ہاؤسنگ اتھارٹی خیبر پختون خوا میں سوات سے تعلق رکھنے والے کروڑ پتی نائب قاصد کا انکشاف ہوا ہے۔ عارضی بنیادوں پر تعینات نائب قاصد کی تنخواہ 32 ہزار روپے ماہانہ ہے۔ اس نائب قاصد کے پاس ایک کروڑ 84 لاکھ روپے کی گاڑی ہے، جو اس کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ سعد خان ولد احسان اللہ محلہ کس ،پارڑئی تحصیلِ بریکوٹ سوات کو یکم مارچ 2024ء اس محکمہ میں لیٹر نمبر DG/PHA/ADMN/WORK/CHARGE پر سکیل 1 میں عارضی طور پر نائب قاصد بھرتی ہوا تھا۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ریکارڈکے مطابق سعد خان ولد احسان اللہ کے پاس ’’فرچیونر‘‘ (FORTUNER) نامی لگژری گاڑی ہے، جس کی قیمت مارکیٹ میں 1 کروڑ 84 لاکھ روپے ہے۔ اس گاڑی کو سعد خان نے اپنے نام پر رجسٹرڈ کیا ہے، جس کا رجسٹریشن نمبر D7555 ہے۔ یہ گاڑی 2022 ماڈل ہے۔ انجن 2755 ہارس پاؤر ہے، جس کو 24 مارچ 2023ء کو اپلیکشن نمبر 71440 پر رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سعد خان سے ان کا موقف جاننے کے لئے ان کے موبائل نمبر پر بار بار رابطہ کیا گیا، لیکن وہ فون اٹھا کر کہتے کہ فون خراب ہے اور آپ کی آواز نہیں آرہی۔