سوات میں طالبا ن کی آمد کے خلاف اور پائیدار امن کے لئے جگہ جگہ مظاہرے کئے گئے۔ بڑے مظاہرے کبل اور خوازہ خیلہ میں ہوئے جن میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے اپنی سرزمین میں امن اور دہشت گردی کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ ایک ماہ سے سوشل میڈیا پر دہشت گردوں کی سوات آمد کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ پولیس اور صوبائی حکومت خاموش تماشائی بن کر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی سرزمین پر مزید دہشت گردی برداشت نہیں کر سکتے اور پائیدار امن چاہتے ہیں۔ انہوں نے پولیس سے سانحہ کنالہ مٹہ کے بارے میں عوام کو بتانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کس طرح ڈی ایس پی سمیت افسروں کو یر غمال بنایاگیا۔ وہاں جانے والے ہزاروں پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کیوں نہ کی۔ انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ تمام پہاڑوں میں دہشت گردوں کے خلاف فوراً آپریشن شروع کیا جائے۔
سوات میں پائیدار امن کے لئے مظاہرے،ہزاروں افراد کی شرکت
