سلیمان ایس این

بہ قولِ اقبالؔ
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی
وادیِ سوات کی ایک باہمت اور انسان دوست شخصیت محمد وقاص جو عام طور پر ’’بلڈ والا‘‘ کے نام سے مشہور ہیں، نہ صرف خون عطیہ کرتے ہیں، بل کہ ایک مخلص بلڈ ایکٹیوسٹ، سوشل انٹرپرینیور اور نوجوانوں کے لیے ایک مثال بھی ہیں۔
وقاص نے اپنی بے لوث خدمات کے ذریعے کئی زندگیاں بچائیں اور ہزاروں افراد کے لیے امید کا پیغام بن گئے۔
کمپیوٹر سائنس میں ڈگری کے حامل اور فارمیسی کی تعلیم حاصل کرنے والے محمد وقاص بلڈ والا نے اپنی تعلیمی مصروفیات اور فارمیسی کی نوکری کے ساتھ خون کے عطیات کے لیے اپنی مہم جاری رکھی۔ وہ ’’بلڈ چین پاکستان‘‘ جو لوگوں میں خون کی آگاہی پھیلانی والی تنظیم ہے، کے شریک بانی ہیں۔
محمد وقاص نہ صرف خون کے عطیات کے لیے عوامی شعور بیدار کرتے ہیں، بل کہ خود بھی اس عمل میں شریک رہتے ہیں۔ اَب تک وہ 19 مرتبہ خون اور 2 مرتبہ پلیٹلیٹس افریسز یعنی سفید خون ضرورت مند مریضوں کے لیے عطیہ کر چکے ہیں۔
محمد وقاص طبی ماہرین، کارکنان اور پالیسی بنانے والوں کے لیے خون کے عطیات کے چیلنجز اور حکمت عملیوں کو پروان چڑھانے کے لیے سالانہ بلڈ سیمینارکا انعقاد کرتے ہیں۔ بلڈ مہیا کرنے والے فیلوشپس کو تربیت دیتے ہیں، تاکہ نوجوان متاثر ہوکر خون کے عطیات کی مہم میں شامل ہوں اور ان کو تربیت دی جاسکے۔ تھیلی سیمیا اور خون کے عطیات دینے کی اہمیت پر عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی واکس کا انعقادکرتے ہیں۔
وقاص تھیلی سیمیا سے متعلق آگاہی، خون کی ہنگامی ضروریات اور عطیہ دہندگان کی حوصلہ افزائی پر بلڈ ایکٹوسٹ سیمینار کی میزبانی میں شریک ہوتے ہیں۔ اب تک اُنھوں نے 10 0 سے زائد بلڈ ڈونیشن کیمپ، 50 سے زائد بلڈ گروپ کیمپ اور 25 آگاہی سیمینارز کا اہتمام کیا ہے۔
محمد وقاص کی مستقل کوششوں کے نتیجے میں دس ہزار سے زائد خون کے عطیہ دہندگان کا ایک ڈیٹا بھی تیار کیا گیا ہے، جو ایمرجنسی میں تیزی سے خون فراہم کرنے میں مددگار ہے۔ ذاتی طور پر وقاص نے ہزار سے زائد زندگیاں بچانے کے لیے خون کے عطیات کی سہولت فراہم کی ہے۔ خیبر کان اور سالانہ بلڈ کانفرنس جیسے بڑے پروگراموں کا اہتمام بھی کیا ہے ۔
محمد وقاص کی خدمات کے اعتراف میں اُنھیں بے شمار اعزازات سے بھی نوازا گیاہے، جن میں ’’فخرِ سوات ایوارڈ‘‘، ’’قائد اعظم گولڈ میڈل‘‘، ’’نیشنل یوتھ پیس ایوارڈ‘‘، ’’گلوبل یوتھ ایوارڈ‘‘، ’’پرائیڈ آف کے پی ایوارڈ‘‘، ’’انٹرنیشنل سلک روڈ سمٹ ایوارڈ‘‘، ’’ایشین انٹرنیشنل ایکسی لنس ایوارڈ‘‘، ’’ریجنل بلڈ سینٹر سوات‘‘، ’’الفجر فاؤنڈیشن‘‘ اور ’’بلڈ آف پاکستان‘‘ تنظیموں کی جانب سے تعریفی ایوارڈز کے لیے نام زد ا‘نھیں کیا گیا ہے۔
محمد وقاص ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھتے ہیں جہاں ایمر جنسی میں کسی کو خون کی فراہمی میں کوئی مشکل درپیش نہ ہو۔ اُن کا مشن صحت کے اداروں کے تعاون اور کمیونٹی کی شمولیت سے خون کی کمی کو ختم کرنا ہے۔ ان کی ہر وقت یہ جد و جہد نوجوانوں کو اس مشن میں شامل ہونے کی ایک تحریک ہے۔
محمد وقاص سے ذیل میں دیے جانے والے نمبر پر رابطہ کیا جاسکتا ہے: