سوات(مارننگ پوسٹ)چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان نے سیدو شریف میں خیبر پختونخوا حلال فوڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہا تاہم معیاری خوراک، مارکیٹ میں قیمتوں کی مانیٹرنگ اور صفائی کیلئے ایک منظم طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اسد قاسم نے خوراک اور اس میں ملاوٹی اشیاء کی روک تھام سے متعلق تفصیلی جائزہ پیش کیا محمد اسدقاسم نے واضح کیا کہ غذا میں جو ملاوٹ مثلاًنان فوڈ کلر ،سٹرک ایسڈ کا زائد استعمال اور دودھ جو کہ ہماری بنیادی غذا ہے اس میں فارمالین جیسے کیمکل کی ملاوٹ مضر صحت ہے جس کی روک تھام اتھارٹی کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے انہوں نے مزید کہا کہ دریائے سوات میں گٹر کا پانی آتا ہے اس کی روک تھام بھی ضروری ہے جس پر فضل حکیم خان نے وعدہ کیا کہ وہ اس پر جلد از جلد نوٹس لیں گے انہوں نے اتھارٹی کی اتنی قلیل مدت میں بہترین کارکردگی کو سراہا اور بھر پور تعاون کا وعدہ کیا مزید واضح کیا کہ 2014 ایکٹ کے مطابق اشیائے خوراک کے حوالے سے سارے اختیارات فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے ذمرے میں آتے ہیں چیئرمین ڈیڈیک نے خیبر پختونخوا حلال فوڈ اینڈسیفٹی اتھارٹی کو صوبے میں معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی بھی ہدایت کی فوڈاتھارٹی کے دورے کے دوران فضل حکیم خان کو اتھارٹی کے قیام کے مقاصد، آن لائن شکایات، مانیٹرنگ سسٹم، اتھارٹی کے کام میں شفافیت، وسائل پیداکرنے اور اتھارٹی کے دیگرامور سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی فضل حکیم خان نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کو غیر معیاری اشیاء کی فروخت کے خلاف ضلع بھر میں آگاہی مہم شروع کردینی چاہیئے انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کو بہتری لانے کیلئے پیشگی نوٹس دیا جائے جبکہ واضح نوٹس اور تنبیہ کے باوجود اس پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔