پشاور()خیبر پختونخوا کے8 میڈیکل اینڈ ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹس میں تعینات 9سو سے زائد ڈاکٹرز کو ہیلتھ پروفیشنل الائونس کی مد میں بقایاجات کی ادائیگی کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے حکومت کو بھیجی گئی درخواست پر فنڈز جاری کرنے سے معذرت کرتے ہوئے مذکورہ ہسپتالوں کو اربوں روپے کے اپنے ریزرو فنڈز سے ڈاکٹرز کو پیسے جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبے کے8میڈیکل اینڈ ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ،لیڈی ریڈنگ ہسپتال، خیبر ٹیچنگ ہسپتال،حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ، مردان میڈیکل کمپلیکس مردان، ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد، خلیفہ گل نواز میڈیکل کمپلیکس بنوں اور مفتی محمود ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان میں تعینات940سے زائد ڈاکٹرز کو بھی دیگر سرکاری ہسپتالوں کی طرز پر ہیلتھ پروفیشنل الائونس دینے کیلئے پشاور ہائی کورٹ سے احکامات جاری کئے گئے تھے جن کی روشنی میں محکمہ صحت نے 53کروڑ43لاکھ37ہزار روپے جاری کرنے کیلئے محکمہ خزانہ کو سمری ارسال کی تھی ذرائع کے مطابق اس سمری کے جواب میں محکمہ خزانہ نے فنڈز جاری کرنے کی بجائے ایم ٹی آئی ہسپتالوں کے پاس موجود اربوں کے فنڈزتفصیل ارسال کی ہے اور ہدایت کی ہے کہ ہسپتالوں کے پاس اپنے فنڈز موجود ہیں ان سے ہی بقایاجات اداکئے جائیں۔