سوات(مارننگ پوسٹ)ضلع ناظم محمد علی شاہ کا الفجر فاؤنڈیشن کا دورہ، مریضوں کی عیادت کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، تفصیلات کے مطابق ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ نے تھیلی سیمیا سینٹر الفجر فاؤنڈیشن رحیم آباد کا دورہ کیا اور وہاں پر موروثی بیماری تھیلی سیمیاسے متاثرہ بچوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر الفجر فاؤنڈیشن کے رحمان علی ساحل اور وجاہت نے ضلع ناظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ الفجر فاؤنڈیشن تھیلی سیمیا سے متاثرہ نونہالوں کو بلا معاوضہ خون کے عطیات دینے کے ساتھ ساتھ انہیں ضروری ادویہ بھی فراہم کرتا ہے۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ تھیلی سیمیا کے علاج سے زیادہ اس کی آگاہی پر کام کیا جانا چاہیے، تاکہ اس کو مزید بڑھنے سے روکا جاسکے۔ بریفنگ کے آخر میں ضلع ناظم نے الفجر فاؤنڈیشن کے ساتھ ہر قسم تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اگر ہم سب اپنے اپنے حصے کا کام نمٹا نا شروع کریں، تو اس ملک کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔