لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے پاکستان کے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں فاسٹ بائولرمحمد عامر جگہ بنانے میں ناکام ہوگئے ۔قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری یہ ٹیم انشااللہ جیت کر آئے گی،سلیکٹرز، کوچ اور کپتان نے بہترین ٹیم بنائی ہے اور اس میں ہم نے چیمپیئنز ٹرافی کے 11 کھلاڑیوں کو سکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ میں پانچ مرتبہ ورلڈکپ کھیل چکا ہوں اور ان میں ایک میں فتح بھی نصیب ہوئی۔میں دونوں طرح کا مزہ جانتا ہوں، جیت کا بھی، ہار کا بھی۔ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ان میںسرفراز احمد(کپتان)،فخر زمان، عابد علی، بابر اعظم، شعیب ملک، حارث سہیل، محمد حفیظ، امام الحق، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان اور محمد حسنین شامل ہیں۔یاد رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد سے محمد عامر کیریئر کی بدترین فارم میں نظر آئے اور 27سالہ بائولر اس دوران 14میچوں میں کرائے گئے 101اوورز میں 92.60 کی اوسط سے صرف 5 وکٹیں لے سکے۔انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے دورے کے لیے دو اضافی کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے جن میں محمد عامر اور آصف علی شامل ہیں۔یہ دونوں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کے لیے دستیاب ہوں گے اور اس سیریز میں ان کی کارکردگی کو دیکھنے کے بعد ورلڈ کپ کے حتمی سکواڈ میں شمولیت کا فیصلہ کیا جائیگا۔ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ایک ٹی20 اور پانچ ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔انضمام نے کہا کہ عمر اکمل سمیت تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کا آسٹریلیا کے خلاف سیریز سمیت پاکستان کپ میں جائزہ لینے کے بعد اسکواڈ منتخب کیا گیا۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں دو سنچریاں بنانے کے باوجود محمد رضوان کو ٹیم میں منتخب نہ کرنے کے سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ جن 6 کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا تھا وہ آٹومیٹک چوائس تھے اور یہ اچھی چیز ہے کہ رضوان نے کارکردگی دکھائی لیکن ہمارا کپتان وکٹ کیپر ہے جو کافی عرصے سے ٹیم کی نمائندگی کرتا رہا ہے، اس وجہ سے رضوان کو ٹیم کا حصہ نہیں بنا سکے۔کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ سارے کھلاڑیوں نے فٹنس ٹیسٹ پاس کیے ہیں، حفیظ کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے جبکہ عماد وسیم کا فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں ہے لیکن ٹیم کے کامبی نیشن کو دیکھتے ہوئے عماد وسیم کو تھوڑی فیور دی ہے۔انہوں نے ورلڈ کپ کے لیے نوجوان فاسٹ بائولر محمد حسنین کو ٹرمپ کارڈ قرار دیا جو 150کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انضمام نے کہا کہ عامر کی بدقسمتی سے ایک سال سے کارکردگی زیادہ اچھی نہیں رہی لیکن اس کے باوجود انہیں ڈراپ کرنے کا فیصلہ بہت مشکل اور کٹھن تھا۔آصف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس کوئی ایسا کھلاڑی نہیں ہے جو آخری کے 10اوورز میں آ کر تیزی سے رنز اسکور کر سکے، آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں عمر اکمل کو اسی لیے آزمایا لیکن وہ نہیں چل سکے اور اب آصف کو دورہ انگلینڈ میں موقع دیں گے۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے پاکستان کے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان
