سوات (مارننگ پوسٹ) سوات میں جے یو آئی ف میں شدید اختلافات کے باعث انٹرا پارٹی الیکشن میں ڈرامائی تبدیلی، قاری محمود گروپ کی جانب سے شدید تحفظات کے بعد مولاناحجت اللہ نے دستبردار ہوکر اپنے بھائی قاری فتحت اللہ کو ضلعی امیرمنتخب کرادیا۔ مولانا سید قمر جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ ضلعی امیر قاری محمود نے انتخابات کو جعلی قراردیتے ہوئے مسترد کردیا۔ جے یو آئی ف کی رکنیت سازی کے بعد 19 اپریل کو انٹرا پارٹی الیکشن کا اعلان کیا گیا، تاہم ضلعی امیر قاری محمود گروپ نے رکنیت سازی کو جعلی قراردیتے ہوئے الیکشن سے بائیکاٹ کردیا اور مخالف گروپ کے ضلعی امارت کے امیدوار مولانا حجت اللہ کو پارٹی رکنیت معطل کرنے پر اعتراضات اٹھادئیے۔ حالات کے پیشِ نظر انتخابات جے یو آئی ف کے دفتر کی بجائے مولانا حجت اللہ کے مدرسہ معارف القرآن میں منعقد ہوئے۔ مولانا حجت اللہ دستبرد ارہوگئے اور ان کے بھائی قاری فتحت اللہ بلامقابلہ ضلعی امیر منتخب ہوگئے جبکہ جنرل سیکرٹری کے لئے مولانا سید قمر نے 243 ووٹ لیے اور کامیاب قرار پائے۔ ادھر جے یو آئی ف کے ضلعی امیر قاری محمود نے انتخابات کو جعلی قراردیتے ہوئے کہاکہ دستور کے مطابق وہ اب بھی ضلعی امیر ہیں اور وہی پارٹی کے امور چلائیں گے ۔