اسلام آباد(آئی این پی)سینٹ آف پاکستان نے سی ایس ایس امتحان اردومیں لینے،پی آئی اے کا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد منتقل کرنے کی بجائے کراچی میں ہی برقراررکھنے سمیت چار قراردادیں منظور کرلیں ۔ پیر کو سینٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا،سینیٹر سراج الحق نے سی ایس ایس کا امتحان انگریزی کی بجائے قومی زبان اردو میں لینے کی قرارداد پیش کی ،وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے بل کی مخالفت کی اور کہا کہ ہم اصولی طور پر اس کی حمایت کرتے ہیں اس کو آپشنل کردیا جائے اور انگلش ،اردو دونوں میں کیا جائے،سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ زبان قومی پہچان ہے ،اردو کو بھی مقابلے کے امتحان میں شامل کیا جائے،قومی زبان کوہم اہمیت نہیں دیتے تو کیا دوسرے ممالک والے دیں گے؟ چیئرمین سینیٹ نے ترمیم شدہ قرار داد پیش کی جسے متفقہ طور منظور کر لیا گیا ،قرار داد کے مطابق انگلش کے ساتھ اردو میں بھی سی ایس ایس کا امتحان لیا جائے گا۔سینیٹر میر کبیر نے قرارداد پیش کی کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبا کیلئے وزیراعظم سکالرشپ پروگرام میں مزید پانچ سال تک توسیع کی جائے رائے شماری کے بعد قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ سینیٹر شیری رحمان نے قرارداد پیش کی کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کا ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد منتقل کرنے کی بجائے کراچی میں ہی رہنے دیا جائے،وزیر برائے ہوابازی ڈویژن غلام سرور خان نے کہا کہ ابھی تک ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا لیکن آئے روز پی اے سی اور دیگر کمیٹیوں کے اجلاس ہوتے ہیں جس میں شرکت کے لیئے افسران کو آنا پڑتا ہے،اسلئے کچھ افسران کا تبادلہ کیا گیا ہے،شیری رحمان نے کہا کہ کہ اگر منتقل نہیں کر رہے تو اس قرارداد کی مخالفت کیوں کر رہے ہیں۔اس موقع پر قرارداد پر رائے شماری کی گئی جس کے بعد قرار داد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی۔سینیٹر طلحہ محمود نے قرارداد پیش کی کہ حکومت بیرون ممالک میں تعینات کمرشل قونصلرز ،کمرشل سیکرٹریز اور ٹریڈ منسٹرز کی کارکردگی معلوم کرنے کیلئے موثر طریقہ کار وضع کرے یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
سی ایس ایس امتحان اردومیں لینے کی قرارداد سینٹ سے منظور
