کراچی(آن لائن)انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح 164 روپے تک پہنچ گئی۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 7 روپے 20 پیسے کا اضافہ ہواہے جس کے بعد ڈالر کی قیمت 157 روپے 20 پیسے سے بڑھ کر 164 روپے تک پہنچ گئی۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 6 روپے اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 163 روپے ہوگئی۔اسی طرح رواں ہفتے کے دوران سونے کی قیمت میں بھی واضح اضافہ دیکھنے میں آیا اور 12 گرام سونے کی قیمت 80 ہزار 500 روپے ہوگئی۔ بتایا گیا کہ دن کے آغاز پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی طلب میں اضافے کے باعث اس کی قدر میں اضافہ ہوا۔کرنسی ڈیلرز نے ڈالر کی قدر میں اچانک اضافے پر بتایا کہ طلب میں غیرمعمولی اضافے کے باعث ڈالر کی قیمت بڑھی۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے وسط میں بھی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 157 روپے تک پہنچ گئی تھی۔کرنسی ڈیلرز نے ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ مالی سال کے اختتام کو قرار دے دیا تھا۔ان کے مطابق مالی سال کے اختتام کی تاریخ 30 جون قریب پہنچ رہی اور ساتھ ہی ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنا تمام منافع ملک سے باہر بھیج رہی ہیں۔واضح رہے کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ڈالر تیزی کے ساتھ ڈبل سنچری کی جانب گامزن ہے۔رواں ماہ اب تک ڈالر 14 روپے 24 پیسے مہنگا ہوچکا ہے اور اس ملکی بیرونی قرضوں میں 1490 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ڈالر کی قدر میں نمایاں اضافہ بدھ کوسونے کی مقامی قیمتوں پر بھی اثرانداز رہی، اور بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 25 ڈالر کی کمی کے بعد 1404 ڈالر کی سطح پرآنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 500 روپے اور 428 روپے کا مزید اضافہ ہوگیا۔سونے کی قیمت میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 81000 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 69 ہزار 444 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے910 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 780 روپے17 پیسے پر مستحکم رہی۔
ڈالر 7 روپے 20 پیسہ مہنگا ہوکر 164 پر پہنچ گیا،سونا 500 روپے تولہ مہنگا
