اسلام آباد(آئی این پی )سعودی عرب نے پاکستان کو پیر سے موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی شروع کردی ۔سعودی سفارتخانہ پاکستان کے مطابق موخر ادائیگی پر سعودی عرب سے پاکستان کو تیل کی فراہمی یکم جولائی سے شروع ہو رہی ہے ۔ سعودی عرب پاکستان کو ماہانہ 275 ملین ڈالر کا تیل فراہم کرے گاجبکہ موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی تین سال جاری رہے گی، پاکستان کو فراہم کردہ تیل کی مجموعی لاگت 9.9ارب ڈالر ہو گی، سعودی سفارتخانے کے مطابق سعودی عرب نے گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان کیلئے معاشی پیکج کا اعلان کیا تھا جبکہ پاکستان کو دیا جانے والا پیکج تین ارب ڈالر کا تھا۔ حکام نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان بیس ارب ڈالر کے معاہدے ہوئے جبکہ سعودی عرب کے پیکج سے پاکستان کو ادائیگیوں کے توازن میں مدد ملے گی اور پاکستانی معیشت کو سپورٹ کرنے کیلئے ہے، سعودی پیکج پاکستان کو معاشی چیلنج پر قابو پانے اور جامع ترقی کیلئے ہے اور اس پیکج سے پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے تعلقات کی عکاس ہے۔