مرغن غذاؤں سے دل کے دورے کا خطرہ ایک طرف لیکن محض ایک گلاس ملک شیک بھی شریانوں کی دیواروں اور ریڈسیل میں تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے جو بعدازاں دل کے دورے کا سبب بنتا ہے۔
سائنسی جریدے ’لیبارٹری انویسٹی گیشن‘ میں شائع ہونے والے تحقیقی مقالے میں بتایا گیا ہے کہ چربی کی زیادہ مقدار والے کھانے کو دن میں کسی ایک وقت کھالینے یا ایک گلاس ملک شیک پینے سے خون کی شریانوں اور خون کے اہم جز ’ ریڈ سیلز‘ پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں جس کی وجہ سے خون کی شریانوں کی لچک میں کمی واقع ہوجاتی ہے اور خون کے دباؤ کے وقت شریانیں پھیل نہیں پاتیں جس سے خون کی نالیوں کے پھٹنے یا ہیمرج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
فُل کِریم، آئس کِریم اور ایک گلاس دودھ سے تیار کیے گئے ملک شیک میں 80 گرام چربی اور 1 ہزار حرارے موجود ہوتے ہیں۔ 10 صحت مند افراد کو ایسا ملک شیک پلانے کے چار گھنٹے بعد لیب ٹیسٹ کیا گیا تو شریانوں کی دیواروں اور خون کے ریڈ سیلز میں تبدیلی دیکھنے میں آئی۔
ماہرین کے مطابق ملک شیک پینے والے افراد میں شریانوں کی دیواروں کی لچک میں کمی دیکھی گئی جب کہ خون میں موجود ریڈسیل کی شکل بھی تبدیل ہو گئی۔