سوات(مارننگ پوسٹ)وزیراعظم کے مشیر اوپاکستان مسلم لیگ ن صوبہ خیبرپختونخوا کے صدر انجینئرامیرمقام نے کہاہے کہ آصف علی زرداری اورعمران خان ایک ہی شجرکی ایسی شاخیں ہیں جن سے پھل کی کوئی امیدنہیں ہے، ناقص کارکردگی کے باعث آئندہ عام انتخابات میں بلے والے بلوں میں چھپتے پھریں گے،تحریک انصاف بندگلی میں داخل ہوگئی ہے جس کاکریڈیٹ آصف علی زرداری کوجاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ قائدمحمد نوازشریف کی بے گناہی کااظہار عوام بیلٹ پیپرمیں شیرپرمہرثبت کرکے کریں گے، عام انتخابات میں عوامی ڈاکٹرائن تعین کریگاکہ حکومت کس سیاسی جماعت نے چلانی ہے۔انہوں نے کہاکہ سبزجھنڈے کے علمبرداروں نے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے حق میں فیصلہ دیکرعوام کوعام انتخابات کی نویدسنادی ہے،مخبوط الحواس مخالفین آج مسلم لیگیوں کاٹھاٹھیں مارتاسمندردیکھ کر مزیدپریشان ہوگئے ہیں مگرحوصلہ رکھیں یہ توصرف ٹریلرہے سیریل انتخابات میں شروع ہوگا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے سوات میں قائد محمدنوازشریف اورمریم نوازکی آمدکیلئے منعقدہ کئے گئے ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمحمدنوازشریف نے عوام کی جم غفیرسے خطاب کرتے ہوئے آئندہ عام انتخابات کے بعدپاکستان مسلم لیگ(ن)کی جانب سے خیبرپختونخواکیلئے انجینئرامیرمقام کووزیراعلیٰ نامزدکردیا۔محمدنوازشریف کی جانب سے وزارت اعلیٰ کیلئے نامزدگی کے اعلان پرپنڈال محمدنوازشریف، انجینئرامیرمقام اورمریم نواززندہ بادکے فلک بوس نعروں سے گونج اٹھا۔ انجینئرامیرمقام نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے خیبرپختونخواکامحاصرہ کیاہواہے،نہ خودمعیاری منصوبوں کے اہل ہیں اور نہ کسی اورکوکام کرنے دیتے ہیں،بی آر ٹی منصوبہ عوام کی فلاح وبہبودکیلئے نہیں بلکہ اپنی کالے دھن صاف کرنے کیلئے شروع کیاگیا،منصوبے کامقررہ وقت آن پہنچامگرکچراتاحال سڑکوں پرپڑاہے۔انہوں نے کہاکہ ایشیائی بینک دستاویزات نے بی آرٹی منصوبے کی لاگت کابھانڈہ پھوٹ دیاہے،بی آرٹی میں ناکامی کے باعث صنعتکاراورتاجروں نے پشاورسے بوریاں بسترباندھ کرکوچ کردیاہے۔