ریاض،پشاور(آئی این پی،سپیشل رپورٹر)سعودی عرب میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا جس کے بعدآج 2 اگست بروز جمعہ کو یکم ذوالحج1440 ہجری ہے ، حج کا رکنِ اعظم یعنی وقوف عرفہ ہفتہ 10 اگست کو ادا کیا جائے گاجبکہ سعودی عرب میں عید الاضحیٰ اتوار11 اگست کوہوگی، پاکستا ن میں عیدالاضحی کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج جمعہ کوہورہاہے جبکہ مسجدقاسم علی خان نے اعلان کیاہے کہ مطلع ابرآلودہونے کے باعث خیبرپختونخواکے کسی حصے سے چاندنظرآنے کی شھادتیں موصول نہیں ہوئیں ۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے علاوہ دیگر خلیجی ممالک میں بھی عیدالاضحی اتوار 11 اگست کو ہوگی۔پاکستان میں ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج جمعہ کو ہو گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل غروب آفتاب کے بعد چاند 53 منٹ تک دیکھا جا سکے گا اور چاند کی عمر 35 گھنٹے 29 منٹ ہو گی۔وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عوام کو چند افراد پر بھروسہ کرنے کی بجائے سائنس اور جدید ٹیکنالوجی پر اعتماد کرنا چاہئے۔دوسری طرف مسجد قاسم علی خان پشاور میں مفتی محمد شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت نجی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مولانا خیر البشر، مفتی حبیب الرحمان، مولانا حسین احمد مدنی ایڈووکیٹ، مولانا دائود شاہ، مولانا عبد اللطیف شاکر،مولانا سجاد سبحان و دیگر علماء کرام اجلاس میں شریک ہوئے اجلاس میں متفقہ فیصلہ ہوا کہ چونکہ صوبہ بھر میں مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے شہادتیں موصول نہ ہونے کی بناء پر اکمال ثلاثین کرتے ہوئے ذولقعدہ ہ کے تیس دن پورے کئے جائیں گے اوریکم ذولحج3 اگست بروز ہفتہ کوہوگی تکبیرات تشریق11 اگست بروز اتوار بعد ان نماز فجر شروع ہونگی جبکہ عید الاضحی 12 اگست کوہوگی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ اگر بعد ازاں شہادت شرعی موصول ہوئی تو دوبارہ اجلاس طلب کیا جائے گا۔