چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیاریگولیٹری اتھارٹی(PEMRA) محمدسلیم بیگ نے کہاہے کہ انڈین مواد نشرکرنے کے حوالے سے پیمرا زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، انڈین مواد چلانے والے کیبل آپریٹرز کیخلاف سخت قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی، جس ایریا میں انڈین مواد نشرکیاگیااور رپورٹ نہ کیا گیا تو متعلقہ انسپکٹر اورAGMکو صوبہ بدر کیا جائیگا، کیبل آپریٹرز اپنے سٹاف کو بھی آگاہ کرلیں کہ انڈین مواد نشرکرنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا، کیبل آپریٹرز ہمارے اعتماد کو صرف بحال نہیں مزید مستحکم کریں، سوات میںکیبل پر انڈین موادچلانے کے حوالے سے کافی شکایات موصول ہورہی ہیں اگر تدارک نہ کیاگیاتومتعلقہ کیبل آپریٹرزکیخلاف سخت قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائیگی۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پیمراپشاور کے مقامی دفترمیں خیبرپختونخواکے تمام کیبل آپریٹرزکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرڈائریکٹرجنرل ایڈمن پیمراحاجی آدم،ڈائریکٹرجنرل آپریشنزاینڈڈسٹربیوٹرزمحمدفاروق،جنرل منیجرمیڈیااینڈپی آرمحمدطاہر،جنرل منیجربرائے چیئرمین پیمرافخرمغل اور ریجنل جنرل منیجرپیمراپشاورراحت خان کے علاوہ تمام کیبل آپریٹرز بھی موجودتھے۔چیئرمین پیمرامحمدسلیم بیگ نے کہاکہ کشمیر میں نہتے اور معصوم شہریوں کو شہید کرنیوالے ملک کا موادنشرکرنیوالوں کیخلاف تادیبی کاروائی کی جائے گی، ڈیجیٹلائیزیشن پر بھی برق رفتاری سے کام جاری ہے۔انہوںنے کہاکہ نہتے اور معصوم کشمیریوں کا خون بہانے والوں کا موادچلانا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔پیمراکے مقامی دفترپشاورکے افسران اورسٹاف سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیمرامحمدسلیم بیگ نے کہاکہ پیمرا کے آفیسرز اور سٹاف ادارے کو عزت دیں گے تو ان کی عزت ہوگی اور ادارہ آگے جائیگا، اگر بچوں کے چہرے خوش دیکھنا چاہتے ہوں تو ایمانداری سے کام کرنا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ فرائض منصبی کی انجام دہی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، امپرومنٹ کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے، ادارے کے استحکام اور مقاصد کے حصول کیلئے ٹیم ورک کی بنیاد پر کام کرنا ہوگا۔