سوات (مارننگ پوسٹ) سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقہ پیوچار میں افغانستان سے آنے والے شدت پسندوں اور فورسز کے درمیان جھڑپ میں ایک اہم شدت پسند ہلاک اور باقی فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر محمد اعجاز خان کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ دہشت گرد افغانستان سے سوات میں داخل ہورہے ہیں جس پر انہوں نے پولیس، سی ٹی ڈی اور ایلیٹ فورس کے خصوصی دستے تشکیل دیے جنہوں نے پیوچار میں سرچ آپریشن شروع کیا۔ اس دوران تین دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں اہم شدت پسند کمانڈر گل شیروان مارا گیا اور دو دہشت گرد فرار ہوگئے۔ اس آپریشن کی نگرانی آر پی او محمد اعجاز خان خود کر رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے پیوچار کے جنگلات میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ مارا جانے والا کمانڈرگل شیروان 2009ء سے پولیس کو مطلوب تھا۔ سوات میں فوجی آپریشن کے آغاز میں وہ دیگر ساتھیوں سمیت افغانستان منتقل ہوا تھا۔ واضح رہے کہ پیوچار سوات اور دیر کی سرحد پر وہ علاقہ ہے جو شورش کے دوران طالبان کا ہیڈ کوارٹر تھا۔ طالبان نے اس علاقہ کے پہاڑوں میں غار بنائے تھے۔
سوات علاقہ پیوچار میں شدت پسندوں اور فورسز کے درمیان جھڑپ ، اہم شدت پسند ہلاک ، باقی فرار
