خیبرپختونخوااسمبلی میں فحش ویب سائٹ کی بندش ،خودکشی کیلئے گندم کومحفوظ بنانے والی گولیوں کے استعمال پر پابندی اور جیل اصلاحات سے متعلق چار قرار دادوں کی منظوری دی گئی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کی ساجدہ حنیف کی قراردادکی متفقہ منظوری دی گئی جس میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاتھاکہ خودکشی کیلئے بڑے پیمانے پرگندم کو محفوظ بنانے والی گولیوں کااستعمال کیاجارہاہے اس لئے ان گولیوں پر پابندی عائد کی جائے ایوان میں تحریک انصاف کی زینت بی بی کی قراردادبھی متفقہ طو ر پر منظور کی گئی جس میں پاکستان ٹیلی کمیوکیشن سے مطالبہ کیاگیاتھاکہ فحش ویب سائٹ سمیت پب جی گیم پربھی ملک میں پابندی عائد کی جائے اسمبلی اجلاس کے دوران عائشہ بانوکی قرار داد کوبھی منظورکیاگیاجس میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاتھاکہ جیلوں میں اصلاحات کے نفاذ کیلئے کام کو تیز کیاجائے قیدیوں کی کردارسازی کے لئے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں اور خواتین سمیت بچوں کو جرائم سے بچانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیاجائے ایوان میں ایم ایم اے کی ریحانہ اسماعیل کی قراردادکی بھی منظوری دی گئی جس میں حکومت سے مطالبہ کیاگیاکہ ایم پی اے ہاسٹل کے ملازمین کوصوبائی اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں شامل کیاجائے ۔