پشاور: ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں ملازمین کی تقرری اور تعیناتیوں کیلئے ہیومن ریسورس فار ہیلتھ کے منصوبے کے تحت پلیس منٹ کمیٹی تشکیل دینے کے منصوبہ کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔اس حوالہ سے محکمہ صحت کے ڈائریکٹوریٹ میں سیل قائم کردیا گیا ہے جہاں سے صوبہ بھر کے ہیلتھ ملازمین کا ریکارڈ کمپیوٹرپر منتقل کر دیاجائیگا۔ ذرائع کے مطابق تبادلوں اورتعیناتیوں کے امور نے محکمہ صحت کو ایک عرصہ سے پریشان کررکھاہے۔ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ میں گریڈ ایک سے سولہ سکیل تک کے تمام ملازمین اور سیکرٹریٹ کے پاس گریڈ سترہ سے اٹھارہ گریڈ تک کے افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کا اختیار ہے ۔ دونوں دفاتر میں روزانہ کی بنیاد ایک ہی ایجنڈے پر کام ہورہا ہے جس سے محکمہ صحت انتظامی سیکشن کے حکام پریشان ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے ہیومن ریسورس فار ہیلتھ پالیسی کے تحت تعیناتیوں اور تبادلوں کو ضرورت اور مقررہ مدت تک بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی ایچ آر ایچ پالیسی کے تحت تمام ملازمین کی بھرتی سے لیکر تعیناتی کے مقام تک معلومات اور چھٹی اور ترقی سے متعلق امور سافٹ ویئر کے ذریعے کمپیوٹر پر منتقل کئے جائیں گے۔ ایچ آر ایچ پالیسی کے تحت ڈائریکٹوریٹ میں سیل نے کام شروع کردیا ہے۔ پالیسی کے تحت تبادلوں اور تعیناتیوں کیلئے با اختیار پلیس منٹ کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔ کمیٹی کو ہی ملازمین کے تبادلے کا اختیار ہوگا کمپیوٹرائزیشن کا عمل مکمل کرنے کے بعد تمام امور آن لائن کردئیے جائیں گے