پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے واضح کیاہے کہ بشام جلسے میں کہی اپنی بات پر آج بھی قائم ہوں،جے یوآئی کو جلوس نہیں گزارنے دینگے وزیراعلیٰ نے ایک مرتبہ پھر ہڑتال کرنیوالے ڈاکٹرزکودعوت دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت انکے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیارہے لیکن وہ اپنی ہڑتال ختم کریں تاہم اس عمل کو حکومت کی کمزوری نہیں سمجھاجائے اورنہ ہی کوئی کمزوری دکھائے گی۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے ذیابیطس سے متعلق پروگرام سے خطاب میں کہاکہ میں بشام جلسے میں کہی اپنی بات پر قائم ہوں کہ مولانا کے جلوس گزرنے نہیں دونگامولانا آپ بے روزگار ہو چکے ہیں کے پی حکومت اپ کو جاب دینے کیلئے تیار ہے اگر اپ کو اسلام آباد جانا ہے تو ڈی آئی خان کا نام اسلام آباد رکھ لیتے ہیں انہوں نے کہاکہ ہمارا 126 دن کا دھرنا ٹھوس شواہد یعنی 4حلقوں اور پانامہ پر تھا اپ(مولانا) کے پاس کیا ہے؟مولانا آپ کس اسلام کی بات کرتے ہیں؟ کپتان نے یواین میں اسلام کا اصل چہرہ پیش کیا ہے ۔وزیراعلی نے کے آزادی مارچ کے حوالے سے کہاکہ ریاست کبھی بھی مدرسوں کے بچوں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گی ۔ انہوںنے کہاکہ ایک سیاسی ٹولہ مدرسے کے چھوٹے بچوں کو سیاست کیلئے استعمال کر رہا ہے حالانکہ یہ ایک بڑا جرم ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں سے درخواست کی کہ وہ ہڑتال ختم کرے اور نوکریوں پر آ جائیں حکومت کمزور نہیں لیکن ہم اس مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں ہیلتھ اتھارٹی کے قیام سے ہسپتالوں کی کسی قسم کی نجکاری نہیں ہوگی ڈاکٹرزہسپتال آجائیں حکومت آپ کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہے انہوں نے کہاکہ نظام کی خامیوں کو دور کر کے اصلاحات چاہتے ہیں کپتان ماضی میں وسیم اکرم کو جس طرح میچ کے لئے دوڑاتے تھے آج ویسے ہی ہمیں عوام کے مسائل کے حل کے لئے دوڑاتے ہیں۔وزیراعلی محمود خان نے انسولین فار لائف پروگرام کے تحت ذیابیطس کے مرض کی تشخیص ، سکریننگ اور علاج کیلئے ذیابیطس موبائل کلینک کاافتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد اقدام ہے جس کے ذریعے صوبے کے دورافتادہ علاقوں میں بھی ذیابیطس کے مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ وزیراعلی نے کہاکہ انسولین فار لائف پروگرام کے تحت صوبے کے 15 اضلاع میں 16,000 خاندانوں کو مفت انسولین فراہم کر رہے ہیں ، صوبے کی چار کروڑ آباد ی میں تقریبا 70 لاکھ ذیابیطس کے مریض ہیں یعنی اس تناسب سے ہر چھ میں سے ایک فرد ذیابیطس کا مریض ہے۔ان مریضوں کو بہترین صحت سہولیات فراہم کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے ، جس کے پیش نظر ذیابیطس موبائل کلینک کا اجراکیا گیا ہے۔تقریب سے لیجنڈ پاکستانی کرکٹر و فاسٹ بائولر وسیم اکرم نے بھی خطاب کیا۔ انہوںنے کہا کہ معاشرے کے غریب مریضوں کو مفت انسولین کی فراہمی یقینا صوبائی حکومت کا ایک بڑا کارنامہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے باقی ماندہ صوبے بھی خیبرپختونخوا کی تقلید کر کے ذیابیطس کے مریضوں کو مفت انسولین فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے ۔ تقریب میں وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ، ڈنمارک کے سفیرROLF HOLMBOE، نائب صدر NOVO Nordisk ایمیل لارسن، جی ایم Novo Nordisk راشد بٹ ، لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈی ٹاک اینڈ انسولین فار لائف پروگرام اے ایچ عامر ،ذرائع ابلاغ کے نمائندے اور دیگر معززین نے شرکت کی ۔
ہیلتھ اتھارٹی کے قیام سے ہسپتالوں کی کسی قسم کی نجکاری نہیں ہوگی، ڈاکٹرزہسپتال آجائیں،وزیر اعلی
