سوات(نامہ نگار) یونیورسٹی آف سوات نے کیمپس ریڈیو کے تجرباتی نشریات کا باقاعدہ آغاز کردیا، شعبہ صحافت کی زیر نگرانی یونیورسٹی آف سوات کے پہلے کیمپس ریڈیو کی تجرباتی نشریات کا آغاز مین چارباغ کیمپس میں کردیا گیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد جمال نے تجرباتی نشریات کا باقاعدہ افتتاح کیااس موقع پرکیمپس ریڈیوکے پہلے نشریاتی پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خیالات کااظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج سوات یونیورسٹی ایک تاریخ رقم کررہی ہے اورکئی سالوں کی کوششوں کے بعدوہ خوا ب پوراہواجس کانہ صرف شعبہ صحافت اوردیگرشعبہ جات کے فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی کی انتظامیہ کوانتظارتھابلکہ طلباء وطالبات بھی اس موقع کاشدت کے ساتھ انتظارکررہے تھے۔ پہلے نشریاتی پروگرام کے میزبان اورشعبہ صحافت کے لیکچراررفیع اللہ کے ایک سوال کے جواب میں وائس چانسلرنے ریڈیوسٹیشن کے قیام کوطلبہ کی عملی تربیت کیلئے ایک انقلابی اقدام قراردیا اوراس امیدکااظہارکیاکہ شعبہ صحافت کے ساتھ ساتھ دیگرشعبہ جات کے طلبہ کوبھی عملی صحافت میں اپنے جوہردکھانے کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے شعبہ صحافت کے جملہ سٹاف کومبارکباددیتے ہوئے ان پرزوردیاکہ ریڈیوکے اس پلیٹ فارم کوتعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کے ساتھ رابطہ کابھی ایک مؤثرذریعہ بنائیں۔ اس تاریخی پروگرام کے دیگرمہمانان میں شعبہ صحافت کے سربراہ جمال الدین اورشعبہ منیجمنٹ سائنسزکے انچارج عبدالمتین شامل تھے جنہوں نے ریڈیوکی اہمیت پرروشنی ڈالی۔