پشاور:پشاورہائی کورٹ نے آئندہ سال ڈینگی کے شدیدخطرے کے باعث تمام اضلاع کے کمشنر اورڈپٹی کمشنرزکوابھی سے حفاظتی انتظامات واقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں اورچیف سیکرٹری خیبرپختونخواکوہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اس حوالے سے تمام امورکی خودنگرانی کریں کیونکہ یہ ایک بڑامسئلہ ہے اورآئندہ سال ڈینگی سے کافی افراد کے متاثرہونے کاخدشہ ظاہر کیا گیا ہے،فاضل جسٹس قیصررشید اور جسٹس ناصرمحفوظ پرمشتمل دورکنی بنچ نے سیف اللہ محب کا کاخیل ایڈوکیٹ اورشاہ فیصل الیاس ایڈوکیٹ کیجانب سے دائررٹ پریہ احکامات جاری کئے ۔ عدالتی حکم پرخیبرپختونخواکے چیف سیکرٹری ڈاکٹرکاظم نیازجمعرات کے روز عدالت کے روبروپیش ہوئے اس موقع پر قائمقام ایڈوکیٹ جنرل عاطف علی خان ، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخواسیدسکندرشاہ، سیکرٹری صحت یحییٰ اخونزادہ، سیکرٹری پبلک ہیلتھ بہرہ مندخان،ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹرمحمدارشد ، چیف ایگزیکٹوآفیسر واٹراینڈسینی ٹیشن سروسزسیدظفرعلی شاہ بھی موجودتھے، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوانے عدالت کوبتایاکہ پشاورہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں آئندہ سال ڈینگی کے بچائو اوراسکے نقصانات کوروکنے کیلئے ابھی سے اقدامات اٹھاناشروع کردئیے ہیں اوران اقدامات کی وہ خودنگرانی کررہے ہیں۔جسٹس قیصررشید نے ریمارکس دیئے یہ ایک اہم مسئلہ ہے اورہم بھی اس معاشرے کے لوگ ہیں اس سال جن افراد کو اس سے زیادہ تکلیف ہوئی وہ پشاورکے مضافاتی علاقوں اورسوات اورصوابی کے افراد ہیں اس بناء پران علاقوں پرزیادہ توجہ مرکوز کرنی چاہئیے۔ بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔