پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے فیئر ٹیسٹنگ سروس (ایف ٹی ایس ) کی طرف سے حالیہ امتحانات کے انعقاد میں بد انتظامی اوربے ضابطگیوںکے حوالے سے عوامی شکایات اور تحفظات کا سخت نوٹس لیا ہے اور کہا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف کاروائی یقینی بنائی جائے گی۔ واضح رہے کہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبے میں اساتذہ کی بھرتیوں کیلئے فیئر ٹیسٹنگ سروس کو ہائیر کیا تھا ، تاہم مذکورہ ایجنسی کی طرف سے منعقدہ امتحانات میں بد انتظامی ، بے ضابطگیوںکی وجہ سے امتحانات منسو خ کئے گئے تھے ۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے ایف ٹی ایس کے کمزور انتظامات اور بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ ایجنسی کو جاری کئے گئے تمام وسائل واپس لئے جائیں گے اورذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔اُنہوںنے کہاکہ مذکورہ ٹیسٹنگ ایجنسی حکومت کی پالیسی اور عوامی توقعات کے مطابق ٹیسٹ کے شفاف اور غیر جانبدار انعقاد میں ناکام ہوئی ہے، جس نے صوبائی حکومت کی میرٹ پالیسی اور عوام کے اعتماد کو نقصان پہنچایا ہے ۔محمود خان نے کہا کہ اُن کی حکومت میرٹ کی پالیسی پر کاربند رہے گی اور اس سلسلے میں عوامی شکایات کے ازالے کیلئے آئندہ بھی ذمہ داران کے خلاف کاروائی یقینی بنائی جائے گی ۔