سوات (مارننگ پوسٹ) سطح سمندر سے9200 فٹ بلندی پر واقع سوات کے برفانی علاقہ ملم جبہ میں پاکستان کا پہلا اسکی اینڈ ماونٹین ریزارٹ فائیو سٹار ہوٹل کو دسمبر یا جنوری میں کھول دیا جائے گا۔ملم جبہ میں اسٹریا حکومت کے مالی تعاون سے ہوٹل تعمیر کیا گیا تھا، جس کو بعد میں شورش کے دوران شدت پسندوں نے تباہ کیا تھا۔ اس کے بعد صوبائی حکومت نے ایک نجی کمپنی کو ہوٹل، چیئر لفٹ اور پارک بنانے کے لئے وسیع زمین لیز پر دی تھی۔ نجی کمپنی نے بعد میں مذکورہ فائیو سٹار ہوٹل کو پاکستان میں بڑے ہوٹلوں کے ایک چین کو دیا۔ ہوٹل انتظامیہ کے مطابق اس میں ابھی76 کمرے، تین ریسٹورنٹ، شادی ہال سمیت مختلف ہال تیار ہوچکے ہیں۔ اس کا افتتاح دسمبر 2019ء یا جنوری2020ء میں کیا جائے گا۔ بعد میں کمروں کی تعداد سو تک پہنچائی جائے گی۔ملم جبہ کی سڑک کی انتہائی خراب صورتحال کی وجہ سے سیاحوں نے ملم جبہ جانا چھوڑ دیا تھا لیکن وزیر اعلیٰ محمود خان کی خصوصی دلچسپی سے مینگورہ سے ملم جبہ تک 50 کلومیٹر سڑک پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ ورکس اینڈ سروسز کے اہلکاروں کے مطابق سڑک پر 85 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ باقی کام چند مہینوں میں مکمل ہو جائے گا جس کے بعد مینگورہ سے ملم جبہ کا سفر45 منٹ سے ایک گھنٹا میں طے ہوسکے گا۔سوات میں سڑکوں کی تعمیر سے آئندہ سال سے سوات میں سیاحت کی صنعت کو غیر معمولی فروغ ملنے کا امکان ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے کرنل شیر خان سے چکدرہ تک سوات موٹروے کی تعمیر، چکدرہ سے مدین تک سعودی عرب حکومت کے مالی تعاون سے سڑک کی تعمیر، چکدرہ سے براستہ کبل بحرین تک یو ایس ایڈ کے مالی تعاون سے سڑکو ں کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ بحرین سے کالام تک ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے مالی تعاون سے سڑک کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے۔ ان سڑکوں کی تعمیر سے سوات میں سیاحت کی صنعت کو بہت فائدہ پہنچے گا۔ وزیر اعلیٰ محمود خان کی ہدایت پر چکدرہ سے مینگورہ اور مینگورہ سے باغ ڈھیرئی تک موٹروے کی بھی منظوری ہوچکی ہے جس کی تعمیر سے سوات دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرے گا۔سوات موٹروے کی تعمیر کے بعد اب مینگورہ سے پشاور کا سفر ڈھائی گھنٹوں اور مینگورہ سے اسلا م آباد کا سفر پونے تین گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔ مینگورہ شہر سے مرغزار تک کا سفر پندرہ منٹ، مینگورہ سے ملم جبہ ایک گھنٹا، مینگورہ سے میاندم سوا ایک گھنٹا اور مینگورہ سے کالام تک کا سفر ڈھائی سے تین گھنٹوں میں طے ہوگا۔ اس سے سیاحوں کو وقت کی بچت ہوگی۔ ان کا سفر آرام دہ رہے گا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سوات کے سب سے خوبصورت علاقہ ”مہو ڈنڈ“ کالام سے صرف 32کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اس کی تعمیر کا دو بار اعلان کیا ہے لیکن ابھی تک وہ وعدہ وفا نہ ہوسکا۔ مقامی لوگوں نے موجودہ وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ مہو ڈنڈ کی سڑک کو فوری تعمیر کیا جائے۔
سوات ملم جبہ پہلا اسکی اینڈ ماونٹین ریزارٹ فائیو سٹار ہوٹل تیار،عنقریب افتتاح کیا جائےگا
