عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت خیبرپختونخوا کے امیرمفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کہاہے کہ ایک طرف ملک بھر میں حکومت کی جانب سے عسکری تنظیموں کی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے جبکہ دوسری طرف قادیانیوں کی تربیت یافتہ مسلح تنظیم خدام الاحمدیہ کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، ملک کے تمام سول وعسکری محکموں میں کلیدی عہدوں پرفائز قادیانیوں کو فوری طورپرہٹایاجائے، ہمارے اکابرین نے کافی جدوجہد اور مشقت سے ختم نبوت کے قوانین بنائے ہیں کوئی مائی کا لعل ان قوانین میں ترمیم یا ختم نہیں کر سکتا اور اگر کسی نے بھی ایسا کام کیا تو ختم نبوت کے پروانے سر بکف ہوکر ان کے سامنے سیسہ پلائی دیواربنیںگے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز نورنگ میں منعقدہ 14ویں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنمامولاناخواجہ عزیزاحمد، مرکزی رہنما مولانااللہ وسایا، مبلغ مولاناعابدکمال، ضلعی ناظم مفتی ضیاء اللہ، ضلع ناظم اعلیٰ مولاناعبدالرحیم،ضلعی ناظم مالیات مولانا محمدابراہیم ادہمی، سابق جنرل سیکرٹری مولانا بشیراحمدحقانی، مولانامحمد طیب طوفانی، شیخ الحدیث عبدالمتین، مولانااحمدسعید، صاحبزادہ امین اللہ، ناظم دفترمولاناماسٹرعمرخان اورضلعی جنرل سیکرٹری مولانا سمیع اللہ سمیت علماء کرام اور بڑی تعدادمیں عام شہری موجودتھے۔مقررین کاکہناتھا کہ حکومت نے ملک میں امن وامان کی بحالی اور حکومتی رٹ قائم کرنے کیلئے عسکری تنظیموں کی سرگرمیوں پرپابندی لگائی گئی ہے تاہم دوسری طرف قادیانیوں کی تربیت یافتہ مسلح تنظیم خدام الاحمدیہ کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے جوچناب نگر میں مسلمانوں کو ہراساں کررہی ہے۔ اسی طرح چناب نگر میں قادیانیوں نے عدالتی نظام قائم کررکھایے یہ نہ صرف ریاست کے اندر ریاست کے مترادف ہے بلکہ ملکی قوانین کے ساتھ کھلم کھلا مذاق ہے۔ انہوں نے حکومت پرزوردیاکہ حکومتی رٹ قائم کرتے ہوئے انہیں ملکی قوانین کا پابند بنا دیا جائے اس کے علاوہ چناب نگر میں سیکورٹی کے نام پرقادیانیو ں کی غنڈہ گردی اور مسلمانوں کو ہراساں کرنے کا فوری طورپرنوٹس لیا جائے اوران کے ملک بھر کے سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہاکہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کاکام عقیدہ ختم نبوت کادفاع ہے اور انشاء اللہ علماء کرام مرتے دم تک عقیدہ ختم نبوت کادفاع کریں گے۔
کلیدی عہدو پر فائز قادیانیوں کو فوری طورپرہٹایاجائے، مفتی پوپلزئی
