سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے عمران خان کا مارچ آزادی نہیں آوارگی مارچ ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک میں ایسے حالات پیدا کرنا چاہتا ہے جس سے مارشل لاء لگ جائے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی فتنوں کا مقابلہ کیا اب بھی کرینگے، قوم کو گمراہ نہیں ہونے دیں گے، فتنے کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ اسلام آباد میں مسلح ہونے کی بات کر رہے ہیں، پی ٹی آئی ایک دہشت گرد تنظیم ہے اور عمران خان کا لانگ مارچ رانگ مارچ ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے مزید کہا کہ میں اپنی حکومت کو کہتا ہوں، کوئی مفاہمت نہیں ہوگی، عمران خان کو کوئی فیس سیونگ نہیں دی جائے گی۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر اداروں نے کہا کہ ہم سے غلطیاں ہوئیں تو ہمیں یقین کرنا چاہیے، پہلی مرتبہ ریاستی ادارے سامنے آئے، دراصل اس احتجاج میں ملکی اداروں کو خطرہ ہے۔