سپیشل پولیس فورس کے نو ہزار اہلکاروں کو مستقل کرنے کی سمری پولیس نے محکمہ داخلہ کوبھجوا دی۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک دہائی قبل سوات اور صوبہ کے دیگر شورش زدہ علاقوں میں سپیشل پولیس فورس کے اہلکاروں کی بھرتی کی گئی تھی۔ سپیشل پولیس فورس کے ان جوانوں نے پاک فوج کے ساتھ ملکر خیبر پختونخوا پولیس کے پرچم تلے دہشت گردی کا مردانہ وار مقابلہ کیا اورصوبے میں امن قائم کرنے میں اہم کرداراداکیا۔ صوبائی حکومت نے 10 ہزار کے لگ بھگ سپیشل پولیس فورس اہلکاران کی شاندار کارکردگی اور قربانیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہیں خیبر پختونخوا پولیس میں مستقل کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کی خصوصی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر اشتیاق مروت کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے چھان بین کرکے 9ہزار سے زائد سپیشل پولیس فورس اہلکاروں کی مستقلی کیلئے فہرستیں مرتب کرکے محکمہ داخلہ کو بھجوائی ہیں جہاں سے انہیں صوبائی کابینہ کی منظوری کیلئے بھجوایا جائے گا ۔ سپیشل پولیس فورس کی مستقلی کے لئے خیبر پختونخوا پولیس اپنا کردار ادا کرچکی ہے۔ سپیشل پولیس فورس کی خیبر پختونخوا پولیس میں مستقلی سے ان کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو جائے گا۔