ممتاز مورخ حکیم محمد یوسف حضروی کی کتاب سیر سوات قلم فائونڈیشن انٹرنیشنل والٹن روڈ لاہور کینٹ کے زیر اہتمام خوبصورت گیٹ اپ کے ساتھ شائع ہو گئی ہے۔ کتاب کا انتساب ملک حق نواز کے نام ہے۔ کتاب کا مقدمہ معروف محقق ، شاعر و ادیب اور سینئر استاد پروفیسر ڈاکٹر ارشد محمود نوشاد نے لکھا ہے جبکہ ڈاکٹر سفیر اختر کی رائے بھی شامل ہے۔ اس کتاب میں سوات کی تاریخ کا جائزہ لیا گیا ہے، کتاب میں حکیم صاحب کے احوال سفر کی رنگا رنگ تصویریں، انکے مشاہدے کی دل پذیر جھلکیاں، سوات کے قدرتی مناظر کا حسنِ دل آویز والیان وساکنان ریاست کے حسن سلوک اور رنگ تواضع کے واقعات پوری صفائی کے ساتھ دکھائی دیتے ہیں۔ ’’سیر سوات‘‘ نامی سفر نامہ پہلی بار 1945ء میں شائع ہوا تھا۔ 74 برس بعد ا س کی اشاعت نو کا سہرا ڈاکٹر ارشد محمود نوشاد کے سر بندھ رہا ہے۔ ڈاکٹر ارشد محمود نوشاد عہد حاضر کے جواں عمر اور جواں ہمت علمی نابغوں میں شامل ہیں جو بیک وقت قادر الکلام شاعر، خوش فکر ادیب، صاحب ادراک نقاد، جہاد مسلسل کے عادی محقق اور مختلف زبانوں پر عبور رکھنے والے عظیم انسان ہیں۔ تاریخ پاکستان سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ’’سیر سوات‘‘ کتاب بہت اہم ہے۔ (تبصرہ: ڈاکٹر سلیم اختر)
حکیم محمد یوسف حضروی کی کتاب "سیر سوات” شائع ہو گئی
