پشاور(وقائع نگار)پشاور ہائی کورٹ نے گزشتہ دو دن ہڑتال کرنے والے نجی سکولوں کے خلاف کاروائی کرنے کے احکامات جاری کردئے ہیں۔پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس محمد ایوب خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے گزشتہ روزنجی سکولوں کے فیسوں سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ بچوں کے والدین کی جانب سے عباس خان سنگین عدالت میں پیش ہوئے اورانہوںنے عدالت کو بتایا کہ ہائی کورٹ نے گزشتہ سال نومبرمیں فیصلہ دیا تھا کہ نجی سکولز ہر سال فیسوں میں صرف تین فیصد اضافہ کرسکتے ہیں اس سے زیادہ نہیں جبکہ صوبے کے تمام نجی سکولز فیسوں میں دس فیصد یا اس سے زائد اضافہ کرتے ہیں اور ہائی کورٹ کے احکامات نہیں مان رہے ہیں جبکہ بچوں کو تعلیمی سہولیات بھی نہیں دے رہے ہیںجبکہ گزشتہ دو دن نجی سکولوں نے عدالتی حکم کیخلاف ہڑتال کرکے سکول بند کئے ،جس سے بچوں کو تعلیم کے حصول میں مشکلات پیش ہیں۔اس موقع پر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی خیبر پختونخوا کے منیجنگ ڈائریکٹر ظفر علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ انہوںنے ایسے سکولوں کے خلاف کاروائی شروع کردی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایسے تمام سکولوں کے خلاف کاروائی کی جائے، ان کے اکائونٹس سیل کرنے اور ہڑتال کرنے والے سکولوں کو اپنی تحویل میں لینے کے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں