,خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے رمضان سے قبل مضر صحت اشیائے خور و نوش کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے کوہاٹ میں جعلی مشروبات کی فیکٹری سیل کردیں جبکہ پشاور میں شان پروڈکٹ کے نوڈلز میں ممنوعہ چائنا سالٹ کا انکشاف ہوا ہے۔

فوڈ اتھارٹی کے ترجمان عطاء اللہ خان کے مطابق کوہاٹ میں ایک فیکٹری کے اندر معروف برانڈز کے نام استعمال کرتے ہوئے جعلی اور مضر صحت مشروبات تیار کی جارہی تھیں۔ فوڈ اتھارٹی کے حکام نے فیکٹری سیل کرکے 15 ہزار لیٹر سے زائد مشروبات تلف کردیں جو رمضان کے لیے ذخیرہ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب فوڈ اتھارٹی نے پشاور میں شان پروڈکٹ کے ڈسٹری بیوشن یونٹ پر چھاپہ مارا جہاں معائنہ کے دوران نوڈلز میں چائنا سالٹ کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ جس پر نوڈلز کے تین ہزار سے زائد پیکٹ قبضے میں لیکر ڈسٹری بیوشن یونٹ سیل کردیا گیا۔

چائنا سالٹ کو سپریم کورٹ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مضر صحت قرار دیتے ہوئے اس کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق چائنا سالٹ میں موجود مونو سوڈیم گلومیٹ سر درد، دل کی دھڑکن کے مسائل اور دماغی امراض کا سبب بن سکتا ہے۔

خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ریاض خان محسود نے اس موقع پر کہا کہ دو ہفتوں کے دوران جعلی مشروبات کی 15 سے زائد فیکٹریاں سیل کردی گئیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ لیٹر سے زائد جعلی مشروبات تلف کیے جاچکے ہیں۔