سوات(مارننگ پوسٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیرمقام نے 10 ارب روپے کے حکومتی پیکیج کو غریبوں کے ساتھ مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھربوں روپے قوم سے لوٹ کر انہیں خیرات دی جارہی ہے۔ یہ اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے۔ عمران نیازی حاتم طائی بننے کی ایکٹنگ نہ کریں۔ غریب عوام کو ریلیف دینا ہے، تو بجلی، گیس، ٹیکس اور کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں نوازشریف دور کی سطح پر واپس لائیں۔ وہ سوات تحصیل کبل مسلم لیگ ن کے صدر عبدالغفور خان اور سابق تحصیل کونسلر عثمان غنی کی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے عبدالغفور خان اور عثمان غنی کی گرفتاری کو حکومتی دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ اس قسم کی انتقامی کارروائیوں سے مرعوب ہونے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی، گندم اور آٹے کی آڑ میں اربوں روپے قوم سے لوٹ لئے گئے۔ عمران نیازی آٹے اور چینی کی چوری میں شریک ہے۔ انجینئر امیرمقام نے کہاکہ کرپٹ آٹا، چینی چور حکومت نے قوم کا مستقبل عالمی اداروں کے ہاتھ بیچ دیا۔ ایک طرف تاریخی 11000 ارب کا قرض لے کر قوم پربوجھ بڑھایا۔ دوسری طرف کاروبار، روزگار اور معیشت جام کردی، تیسری طرف مہنگائی کرکے عوام کا جینا عذاب بنادیا۔