لاہور: کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان آسٹریلیا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا، پاکستان نے آسٹریلیا کو-25-62 سے شکست دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان نے ٹاس جیت کر ریڈ سے میچ کا آغاز کیا، پاکستانی ریڈرز لالہ عبید اللہ کمبوہ، عرفان مانا، بلال محسن، شہرام بھٹو، کلیم اللہ جٹ نے خوبصورت حملے کرکے پوائنٹس حاصل کیے جبکہ جاپھی شانی بسرا، مشرف جنجوعہ، ظفر چینی نے جاندار جپھے ڈال کر آسٹریلوی کھلاڑیوں کو بے بس کردیا اور پاکستانی کھلاڑیوں نے پہلے ہاف میں ہی واضح برتری حاصل کرلی۔ قومی کھلاڑیوں کے پہلے ہاف میں پوائنٹس10-33 رہے، دوسرے ہاف میں بھی پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے، کھلاڑیوں نے شاندار ریڈز کرکے اور جپھے مار کر پاکستان کو 25-62 سے فتح دلائی۔ میچ کے بہترین ریڈرز پاکستانی کھلاڑی کپتان عرفان مانا جٹ اور بلال محسن اور بہترین جاپھی شانی بسرا قرار پائے .

پول بی میں پاکستان اور آسٹریلیا 4،4، کینیڈا کے 2 پوائنٹس ہیں جبکہ آذربائیجان کی ٹیم کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی جب کہ اسی طرح پول بی میں پاکستان اور آسٹریلیا جبکہ پول اے میں بھارت اور ایران سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

14 فروری کو ظہور الہٰی اسٹیڈیم گجرات میں دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوپہر ڈھائی بجے جبکہ دوسرا میچ بھارت اور برطانیہ کے مابین سہ پہر 3بج کر 45منٹ پر ہوگا۔