سوات(مارننگ پوسٹ) کرغستان میں پاکستانی طلبہ کے محصور ہونے کی خبر میڈیا پر 8 اپریل کو شائع ہونے کے بعد سے انتظامیہ اور حکومت حرکت میں آگئی۔ ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق باخبر سوات ڈاٹ کام میں خبر کی اشاعت پر کرغزستان میں مقیم پاکستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے بارے میں خبروں کی تصدیق کی گئی ہے۔ تمام طلبہ خیریت سے ہیں، وہاں موجود پاکستان کی ایمبیسی یونیورسٹیوں میں موجود پاکستانی طلبہ کی ہرقسم کی مدد کررہی ہے۔کرغزستان میں تقریباً 8700 پاکستانی طلبہ ہیں۔ پاکستانی سفارتخانے کی درخواست پر اب تک 4000 افراد نے وطن واپسی کے لئے سفارت خانے میں رجسٹریشن کرائی تھی۔ مشن نے ان تمام طلبہ کی مکمل تفصیلات اکٹھی کی ہیں جنہوں نے وطن واپسی کے لیے سفارتخانے میں رجسٹریشن کرائی تھی۔ کچھ طلبہ خوراکی اشیا کی دستیابی اور پاکستان سے رقوم کی وصولی میں دشواریوں کے بارے میں شکایات کررہے تھے۔ واضح رہے کہ تمام بینک، ویسٹرن یونین اور گروسری اسٹورز کھلے ہیں۔ تاہم پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے مدد کے خواہاں کم از کم 70  طلبہ کو کھانا اور روز مرہ استعمال کی دیگر اشیا فراہم کی ہیں۔وطن واپسی کے خواہشمندطلبہ کی جلد از جلد واپسی کے لئے ایک جامع پالیسی وضع کی ہے۔