پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے 4 ارب روپے کی امداد جاری کر دی گئی۔ سیلاب اور طوفانی بارشوں سے صوبہ بھر میں 428 افراد جاں بحق جبکہ 127 افراد زخمی ہوئے ہیں، اس دوران ہزاروں گھر و دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔
اس سنگین صورتحال میں صوبائی حکومت کی جانب سے 4 ارب روپے سے زائد رقم پی ڈی ایم اے کو جاری کی گئی، جس سے ورثاء، زخمیوں، گھر اور دکان مالکان کو مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سیلاب و طوفانی بارشوں سے سب سے زیادہ ضلع بونیر متاثر ہوا ہے، جہاں 251 افراد ہلاک، 44 زخمی، 956 گھر اور 973 دکانیں متاثر ہوئیں، اس لئے اس علاقہ کے متاثرین سیلاب کو 1 ارب 210 ملین روپے سے زائد معاوضہ دیا گیا۔
صوبائی حکومت علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جبکہ دیگر متاثرہ اضلاع میں بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔