آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے 15 جولائی تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نجی تعلیمی اداروں کا معاشی قتل عام ہے۔

فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اساتذہ کی تنخواہیں ادا کرنی ہیں اور اس کے ساتھ ملک بھرمیں 90 فیصد اسکول کی عمارتیں کرائے پر ہیں۔ حکومتی فیصلہ نجی تعلیمی اداروں کے معاشی قتل عام کے مترادف ہے۔

کاشف مرزا نے کہا کہ حکومت ضابطہ کار جاری کرے اوریکم جون سے ملک بھرمیں اسکول کھولنے کااعلان کرے۔ ورنہ ہم اپنے ایس او پیز کے تحت اسکولز کھولنے پر مجبور ہوں گے۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے نجی اسکولوں کے لیے ’تعلیمی ریلیف پیکج‘ کا مطالبہ بھی کیا۔

یاد رہے کہ آج وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تمام تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔