سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقے بیاکند میں نامعلوم افراد کی ایف سی اورپولیس کی مشترکہ پوسٹ پر فائرنگ،سیکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور ایف سی اہلکار کبیر خان جاں بحق ہوگئے۔ڈی ایس پی مٹہ سرکل پیر زربادشاہ کے مطابق بیاکند میں پولیس اور ایف سی کی مشترکہ پوسٹ پر رات کی تاریکی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سیکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور ایف سی اہلکار کبیر خان سکنہ لکی مروت گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جواسپتال پہنچاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا،،سول اسپتال مٹہ میں پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے جسدخاکی کو ایف سی کیمپ کانجو منتقل کردیا گیا ایف سی کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی جس کے بعد میت کو آبائی علاقے منتقل کردیا گیا،پولیس کے مطابق مٹہ پولیس اسٹیشن میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔