پشاور:پشتون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم )کے موجودہ جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے سابق رہنماؤں نے آخر کار ایک اور قوم پرست جماعت بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق نئی پارٹی کا منشور بھی تیار کر لیا گیا ہے جبکہ پشاور میں مسلسل چار اجلاسوں کے بعد پارٹی منشور پر سیر حاصل بحث بھی ہوئی،ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ کل آج پشاور یونیورسٹی ٹاؤن میں ہونے والے پارٹی منشور سے متعلق چوتھے اجلاس میں محسن داوڑ، لطیف آفریدی، افراسیاب خٹک، جمیلہ گیلانی سمیت اے این پی کے سابق اور پی ٹی ایم کے موجودہ رہنماؤں نے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی پارٹی پاکستان کے آئین اور قانون کی پابند ہوگی جبکہ نئی پارٹی کی خط و کتابت اردو زبان میں ہوگی اور مجوزہ تیار شدہ پارٹی منشور اور آئین بھی اردو زبان میں ہے۔ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اجلاس تقریباً چھ گھنٹے تک جاری رہا جبکہ اس میں تقریباً 45 آفراد نے شرکت کی۔